اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے مزید 5 علاقے سیل کرنے کی تیاری کر لی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق غوری ٹاؤن کے علاقوں کی نو روز تک نگرانی کی گئی اور کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافے کے بعد لاک ڈاون کیا گیا۔
غوری ٹاون کے علاوہ جی سکس ون، جی سکس ٹو، جی سیون ٹو اور جی ٹین فور بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ان علاقوں میں گزشتہ چند دنوں میں 40 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق شہریوں کو اشیائے خور و نوش جمع کرنے کے لیے وقت دیا گیا۔ اس سے پہلے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ، آئی ٹین، جی نائن اور کراچی کمپنی مرکز کو بھی سیل کیا جا چکا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 85 ہزار 34 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 105 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 695 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 946 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 68 ہزار 308، سندھ میں 71 ہزار 92، خیبر پختونخوا میں 22 ہزار 633، بلوچستان میں 9 ہزار 587، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 326، اسلام آباد میں 11 ہزار 219 جبکہ آزاد کشمیر میں 869 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 11 لاکھ 26 ہزار 761 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 599 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 73 ہزار 471 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 236 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 105 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 695 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 495، سندھ میں ایک ہزار 103، خیبر پختونخوا میں 843، اسلام آباد میں 106، گلگت بلتستان میں 22، بلوچستان میں 104 اور آزاد کشمیر میں 22 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔