اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات نے 54 پائلٹس کے لائسنسز کی تصدیق کیلئے پاکستانی حکام سے رابطہ کرلیا۔ لائسنسز کی تصدیق کیلئے وزارت ہوا بازی کو خط لکھ دیا۔
خط جنرل ایوی ایشن یو اے ای کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السوادی نے تحریر کیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای میں کام کرنے والے ایئر کرافٹ مینٹیننس انجینئرز کے پاکستانی لائسنسز کی تصدیق کی جائے، فضائی سفر کی بہتری اور محفوظ بنانے کے لئے لائسنسز بارے معلومات فراہم کی جائیں۔
جعلی لائسنسوں کی بازگشت، یورپی یونین نے پی آئی اے کا فضائی آپریشن معطل کردیا
خیال رہے گزشتہ روز یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا فضائی آپریشن 6 ماہ کیلئے معطل کر دیا۔ قومی ائیر لائن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی آئی اے کی یورپ کی پروازیں عارضی طور پر منسوخ کی گئی ہیں۔ یورپین فضائی سیفٹی کے خدشات دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جن مسافروں کے پاس پی آئی اے بکنگ ہے، وہ اسے ریفنڈ یا آگے کروا سکتے ہیں، حکومت اور انتظامیہ کے اقدامات کے باعث معطلی جلد ختم ہو جائے گی۔