سیکرٹری جنرل او آئی سی کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ

Last Updated On 01 July,2020 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی تعاون تنظیم نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بار پھر اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ یقین دہانی اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے بورڈ آف ٹرسٹیز کیساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہونیوالے اجلاس میں کرائی جو صدر ڈاکٹر عارف علوی کے زیر صدارت ایوان صدر میں منعقد ہوا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کی عمارت پر دہشت گردوں کے حملے میں انسانی جانوں کے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے پندرہ ترقی پذیر ممالک کے طلبہ کو ایک سو وظائف دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس نے ڈاکٹر حثال بن حمود العتیبی کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا صدر مقرر کرنے کی متفقہ طور پر منظوری دی۔ وہ اس سے پہلے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی امام محمدبن سعود یونیورسٹی میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

صدر ڈاکٹرعارف علوی نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو علم کاعظیم مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ طلبہ کو شریعہ، اسلامی تاریخ اور ثقافت کے ساتھ ساتھ متوازن عصری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔