اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 196 مجرموں کی رہائی کا حکم معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مجرموں کے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
جسٹس قاضی امین کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 196 مجرموں کی رہائی پر کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ فوجی عدالتوں سے ٹرائل کے بعد مجرمان کو سزا ہوئی تو ہر کیس کے اپنے شواہد اور حقائق ہوں گے، کیا مجرمان رہائی کے فیصلے کے بعد جیلوں میں ہیں؟۔
جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مجرمان جیلوں میں ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کیا جائے جس کے بعد عدالت نے مجرموں کی رہائی کا حکم معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مجرموں کے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
واضع رہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار سیٹھ کی سربراہی میں بنچ نے 196 مجرمان کی رہائی کاحکم دیا تھا۔ کیس کی سماعت جمعہ کو دوبارہ ہوگی۔