لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہم پر لگائے گئے الزامات آج سے 20 سال پہلے معرض وجود میں آئے تھے، یہ الزامات کئی مرتبہ ختم بھی ہو چکے ہیں، دوبارہ ہڈیاں جوڑ کر پرانے بت کی بجائے نیا مجسمہ بنانا چاہتے ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جو کیس عدالت میں ہو اس پر میں تبصرہ نہیں کرتا، سینئر صحافیوں کے اصرار پر میں یہ کہوں گا کہ چودھری پرویزالٰہی کے صاحبزادے اور میرے فیملی ممبر چودھری مونس الٰہی ایم این اے نے نیب کے لگائے گئے الزامات کی وضاحت کر دی ہے۔ سینئر صحافیوں سے کہوں گا کہ آپ اربوں کے صفر مجھے بتا دیں تاکہ میں اس پر وضاحت کر سکوں، کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ ہم نے کسی ادارے سے کبھی کوئی قرضہ معاف نہیں کروایا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بغیر ثبوت اس طرح کے الزامات چھپوائے جاتے ہیں جن کا مقصد سیاستدانوں پر بہتان تراشی کر کے ان کوبدنام کرنا ہے، الزام لگانے والے اس بات کو ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہم سب پارٹیوں کے ساتھ یکساں سلوک کرتے ہیں چاہے کسی کا قصور ہو یا نہیں۔ میری خواہش ہے کہ وہ اربوں روپے کا الزام لگاتے وقت صفروں کا خیال ضرور رکھیں، انہیں اس بات کی سمجھ ہی نہیں کہ 5 ارب میں کتنے صفر آتے ہیں، وہ کم از کم اپنے سکول کے بچوں سے ہی پوچھ لیں کہ 5 ارب میں کتنے صفر آتے ہیں۔