اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیسز کے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف زرداری اور فریال تالپور عدالت سے غیر حاضر رہے جس کے بعد ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی 7 اگست تک موخر کر دی گئی۔
دوسری جانب آصف زرداری کی پارک لین ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ نیب نے رکشے اور فالو دے والا کے اکاؤنٹ میں رقوم منتقلی کے پے آرڈرز پیش کر دیئے۔ نیب نے کہا ڈریم ٹریڈنگ کے نام سے رکشے والے کو 20 کروڑ روپے منتقل ہوئے، اوشن انٹر پرائزز کے نام سے فالودے والے کے اکاؤنٹ میں 20 کروڑ منتقل ہوئے۔
نیب نے عدالت کو بتایا کہ بینک قرض لے کر وہی رقم فالودے اور رکشے والا کے اکاؤنٹس میں رکھی گئی، رکشے اور فالودے والے سپریم کورٹ کے سامنے بھی پیش ہوچکے، عدالت کہہ چکی ان کے اکاؤنٹس شک نہ ہونے کی بنیاد پر استعمال ہوئے، وائٹ کالر کرائم ایسے ہی ہوتا ہے، قتل کیس نہیں کہ عینی شاہد سامنے کھڑا ہو۔