معاونین خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دیدیا

Last Updated On 29 July,2020 10:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر ظفر مرزا نے معاون خصوصی برائے صحت اور تانیہ ایدروس نے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری تندہی اور ایمانداری سے کام کیا۔ پاکستان کی خدمت اعزاز کی بات ہے۔ ایسے وقت عہدہ چھوڑا جب کورونا کم ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاونین پر تنقید کے باعث مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی شہریوں کو صحت کی بہتر سہولتوں کی ضرورت ہے۔ میں نے شعبہ صحت میں بہتری کیلئے مخلصانہ کاوشیں کیں۔ 

اس سے قبل وزیراعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے نے اپنے استعفے کی کاپی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی ہے۔ 

استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا ہے کہ رواں برس کے آغاز سے پاکستان کیلئے خدمات انجام دینا باعث عزت ہے، وزیراعظم کے اعتماد پر ان کی شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم کو بھجوائے گئے استعفے میں تانیہ ایدروس نے مزید کہا کہ وہ صرف اور صرف پاکستان کی خدمت اور وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آئیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ میری کینیڈا کی شہریت پر تنقید کی جا رہی ہے جو کہ میری خواہش پر مجھے نہیں ملی بلکہ میری پیدائش وہاں پر ہوئی۔ میری دوہری شہریت کی وجہ سے ڈیجٹل پاکستان کا مقصد ماند پڑ رہا ہے۔ 

تانیہ ایدروس کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی ہیں اور ہمیشہ پاکستانی رہیں گی بلکہ بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام بھی جاری رکھیں گی۔

یاد رہے کہ گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس نے گزشتہ برس 5 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل سے استعفیٰ دے دیا تھا، گوگل سے مستعفی ہونے کے بعد وہ سنگاپور سے پاکستان پہنچی تھیں۔

ادھر معاونین خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس کے استعفے منظور کر لئے گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔