پاکستان کی بھارت کو کلبھوشن یادیو کیس میں وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش

Last Updated On 06 August,2020 09:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کو ایک بار پھر کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل کرنے کی پیشکش کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر کیے گئے سفارتی رابط پر بھارت کی جانب سے تاحال جواب نہیں دیا گیا۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے دنیا نیوز کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں کلبھوشن یادیو اور اسے بھیجنے والے ملک بھارت کو وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش کی گئی ہے، بھارت کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے، بھارت کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر سے متعلق موقف نہیں بدلا، سیاسی نقشہ وقت کی ضرورت تھی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اس سے قبل بھارت کو کلبھوشن کا وکیل مقرر کرنے کی ایک سے زائد مرتبہ پیشکش کر چکا ہے مگر بھارت ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے، کلبھوشن یادیو بھی سزائے موت کے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے سے انکار کر چکا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 اگست کو حکم دیا تھا کہ بھارتی ہچکچاہٹ ور کلبھوشن یادیو کے انکار کے باوجود انہیں وکیل مقرر کرنے کا ایک اور موقع دیا جائے۔
 

Advertisement