اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر ہمیں مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جن کو بھارتی قابض افواج کے شدید مظالم کا سامنا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں عارف علوی کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی کرشمہ ساز قیادت میں اپنے آباﺅ اجداد کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم بانیان پاکستان کے نظریات پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کریں اور تحریک پاکستان کی تاریخی جدوجہد میں شامل تمام ورکرز کو خراج تحسین پیش کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ماضی کے برعکس یوم آزادی ایک انتہائی مشکل وقت میں منایا جا رہا ہے کیونکہ پوری دنیا کورونا وائرس سے متاثر ہوئی ہے جس کے منفی اثرات معیشت، صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں پر مرتب ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایوان صدر میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب، صدر عارف علوی نے پرچم کشائی کی
انہوں نے کہا کہ وبا سے کئی مسائل پیدا ہوئے ہیں لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ ہماری قوم نے اس وبا پر سمارٹ لاک ڈاﺅن کی شاندار حکمت عملی کے تحت قابو پایا ہے۔ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔
عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ہم نے اکتوبر 2005ء کے زلزلہ اور 2010ءکے شدید سیلابوں کے مسائل کا سامنا کیا ہے۔ آج اس پرمسرت موقع پر میں تمام اہل وطن کی کاوشوں کو داد دیتا ہوں جنہوں نے قدرتی آفات کے متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ یوم آزادی کے تاریخی دن میں اپنے ڈاکٹروں، نرسوں، صحت کے شعبہ کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی کورونا وبا کے دوران اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا، علماء، این ڈی ایم اے، این سی او سی، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آگاہی فراہم کرنے اور کووڈ۔19 کے بارے میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے کردار کو تسلیم کرتا ہوں۔ احساس پروگرام سے واضح ہوتا ہے کہ جب معاشرے کے تمام طبقات کی سہولت اور تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں تو عوام متحد ہوتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہماری معیشت ہر حوالہ سے بہتری کی جانب گامزن ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم اس حوالہ سے مزید بہتر نتائج حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کا دن مناتے ہوئے ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضہ سے متاثرہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہئے جن کو بھارتی قابض افواج کے شدید مظالم کا سامنا ہے۔ بھارت 30 دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور 5 اگست 2019ءسے جاری لاک ڈاﺅن کے دوران جعلی مقابلوں میں معصوم شہریوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ہر پاکستانی سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو درپیش سماجی، معاشی اور سلامتی کے مسائل کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔