اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیرات کا شعبہ معیشت کے فروغ کا ضامن ہے، گھروں کی تعمیر کے حوالے سے درخواستوں کا عمل آسان بنایا جائے تاکہ کم اور درمیانے درجے کی آمدنی رکھنے والے افراد اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔
وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا جس میں بنکوں کی جانب سے آسان قرضوں اور رقوم کی فراہمی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیرات کے لیے حکومتی پالیسیوں سے نجی بنکوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ تمام بنک کم آمدنی والے افراد کو گھر کی سہولت کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ تعمیرات کے فروغ کے لیے پراڈکٹ تیار کیے جا چکے ہیں، جلد متعارف کرا دیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ تعمیرات کے شعبے کے فروغ سے بنکوں کے لیے منافع بخش بزنس کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔ حکومت کی جانب سے بنکوں کے تمام تحفظات کو دور کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سبسڈی کی فوری فراہمی کے لیے سٹیٹ بنک کو با اختیار بنا دیا گیا ہے۔ فورکلوژر قوانین کے معاملے کی موثر پیروی کی جا رہی ہے۔