لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے اربن فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے اقدامات کا حکم دے دیا۔ عثمان بزدار نے برساتی نالوں، ڈرین اور واٹر چینلز کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلی پنجاب نے متعلقہ حکام کو موثر اقدامات کے لئے ہائی الرٹ کر دیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں، متعلقہ محکمے اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کریں، واساز اور تمام لوکل گورنمٹس بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات کریں۔
سردار عثمان بزدار نے اربن فلڈنگ کے پیشگی سدباب کے لئے درکار آلات، مشینری اور دیگر وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا سڑکوں اور بازاروں میں پانی کھڑا ہوا تو سخت ایکشن لوں گا، عوام کو پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہوتا ہے ایسی صورتحال قطعاً برداشت نہیں۔