اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پیلٹ گنز کے استعما ل اور آنسو گیس کی شیلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے آج ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیلٹ گنز سے شہریوں کو بلا اشتعال نشا نہ بنا کر انہیں شدید زخمی کرنا اور معذور بنانا حتیٰ کہ قتل کردینا انسانی حقوق اور اس سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہتھیاروں کے استعمال اور قانون نافذ کرنیوالے حکام کے لئے اقوام متحدہ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ارتکاب کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ محرم جلوس پر پیلٹ فائرنگ کے باعث درجنوں کشمیری زخمی اور کئی بینائی کھو بیٹھے۔ بھارت 2010ء سے کشمیریوں کیخلاف پیلٹ گنز استعمال کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مہلک مہم میں کشمیری نوجوانوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ سویلین ابادی کو پیلٹ گنز سے نشانہ بنانا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارتی افواج کے غیر قانونی اقدامات کی ذمہ دار بی جے پی قیادت ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔