پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر اسلحہ استعمال کرکے انسانی حقوق کے محافظ اداروں کا مذاق اڑا رہا ہے۔ مودی کے تعینات کردہ درندوں نے محرم کے پرامن جلوس کو بھی نہیں بخشا۔
شہریار آفریدی کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جانوروں پر بھی پیلٹ گنز کا استعمال جرم ہے۔ مودی سرکار کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیریوں کا نظریہ آزادی ان کی طاقت سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز محرم کے جلوس پر تشدد کر رہی ہیں۔ دنیا میں انسانی حقوق کے رکھوالوں کو اس ظلم کا جواب دینا ہوگا۔ مودی سرکار کو معلوم ہونا چاہیے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد امام حسین علیہ السلام کے وژن کے مطابق ہے۔
it is sad to see how indian forces r manhandling Muharam procession in IIOJK. champions of human rights should respond @UNHumanRights. Modi govt should know that indigenous struggle of independence of Kashmir is on vision of Imam Hussain (A.S). u can never defeat them with force pic.twitter.com/RpcicCZ7HU
— Shehryar Afridi (@ShehryarAfridi1) August 29, 2020
شہریار آفریدی نے کہا کہ حضرت حسین علیہ السلام کا نام لینے والوں کو طاقت کے زور پر کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔ محرم کے جلوس پر بھارتی پیلٹ گنز کا نشانہ بننے والے کشمیری بھائی بصارت سے محروم کر دیے گئے۔ ان مظالم کے باوجود بھارتی فورسز کشمیریوں کے دل سے اسلام کی محبت نہ نکال سکیں۔