حالیہ شدید بارشوں کے باعث ٹرینوں کا شیڈول شدید متاثر، مسافر پریشان

Published On 31 August,2020 06:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ریلوے انتظامیہ نے 3 ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی۔ لاہور آنے والی کئی ٹرینیں 4 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں۔

تفصیل کے مطابق ٹرین میں سفر کرنے والے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں کیونکہ حالیہ بارشوں نے پہلے سے متاثرہ ٹرین شیڈول کو مزید خراب کر دیا ہے۔

شیڈول اس حد تک متاثر ہوا کہ ریلوے انتظامیہ کو 3 ٹرینیں کینسل کرنا پڑ گئیں۔ شاہ حسین ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کی روانگی منسوخ کی گئی۔

کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی کئی ٹرینیں 1 سے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار بھی ہوئیں۔ کراچی سے آنے والی ملت ایکسپریس 4 گھنٹے، گرین لائن ایکسپریس 3 گھنٹے 35 منٹ، خیبر میل 2 گھنٹے 45 منٹ اور عوام ایکسپریس 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

فرید ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس 2 گھنٹے 25 منٹ، رحمن بابا، پاکستان ایکسپریس، تیز گام اور علامہ اقبال ایکسپریس 1 گھنٹہ 30 منٹ جبکہ کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس 4 گھنٹے دیر سے پہنچی۔

ریل گاڑیوں کی تاخیر اور دیگر سہولتیں میسر نہ ہونے پر مسافر شکوے کرتے دکھائی دئیے۔

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث ٹرین شیڈول متاثر ہوا۔ منسوخ شدہ ٹرینوں کے مسافروں کو متبادل ریل گاڑیاں دی جائیں گی۔ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 

Advertisement