ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع

Published On 31 August,2020 10:43 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج مزید بارش کی پیش گوئی کر دی۔

سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ہالہ سمیت اندرون سندھ میں بادل خوب برسے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، گلیاں اور سڑکیں ڈوب گئیں، نوابشاہ، ٹنڈوالہ یار، میرپور خاص میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے بجلی کا نظام متاثر ہوا، سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔

ٹانک، صوابی سمیت خیبرپختونخو میں مختلف مقامات پر بھی بادلوں نے رنگ جمایا، جس سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ محکمہ موسمیات نے آج صوبے بھر میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بھی متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہیں۔

شورکوٹ، صادق آباد، جہانیاں سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسے ہیں، جھنگ دریائے چناب میں سیلابی صورتحال ہے، سرگودھا روڈ زیر آب آنے سے ٹریفک روانی متاثر ہے۔ سیلاب کے باعث 50 سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، کئی بستیاں ڈوبنے سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئی۔

مری اور گلیات میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
 

Advertisement