دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، چناب میں چنیوٹ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب

Published On 29 August,2020 11:24 am

چنیوٹ: (دنیا نیوز) بارش کے بعد ملک کے بیشتر دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، چنیوٹ میں دریائے چناب پر ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا، پھالیہ میں بھی سینکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی، گھوٹکی میں بھی شینک بند میں تیزی سے کٹاؤ جاری ہے۔

دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سیلابی پانی سے سیکڑوں ایکڑ پر لگیں فصلیں زیر آب آگئیں، کئی دیہاتوں کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ہیں۔

پھالیہ میں بھی ہیڈ قادر آباد کے مقام پر دریائے چناب میں سیلابی صورتحال ہے۔ پانی کی آمد ایک لاکھ 84 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 75 ہزار کیوسک ہے، بپھرے پانی کے باعث جاگو کلاں کے قریب سینکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 11 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ جھنگ کے قریب بھی دریائے جہلم اور چناب میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوگیا، ریسکو ٹیموں کی طرف سے 12 امدادی پوائنٹ قائم کر دئیے گئے۔

دریائے سندھ میں بھی پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔ گڈو اور سکھر بیراج پر بھی سیلابی صورتحال ہے۔ پانی کچے کے علاقے میں داخل ہونے سے 20 سے زائد گاؤں متاثر ہوئے، لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

گھوٹکی میں گاؤں نور چاچڑ کے مقام پرشینک بندمیں تیزی سے کٹاؤ جاری ہے۔ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، کوئی انتظامات نہیں کئے گئے، جس کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔
 

Advertisement