لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر چودھری محمد سرور سے متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات کی ہے جس میں ہاؤسنگ، صنعت اور تجارتی و کاروباری سیکٹرز میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے قریبی رابطوں کا تسلسل برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم نے انسداد کورونا کیلئے موثر حکمت عملی پر پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ دورے کی دعوت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلی فرصت میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام کے بعد تعلیمی اداروں کو کھولنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو سپیشل اکنامک زونز اور راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں دی جائیں گی۔
گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے بھی متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات کی، گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
یواے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔ گورنرپنجاب نے معاشی اور اقتصادی شعبے میں متحدہ عرب امارات کے تعاون کو سراہا۔