کراچی: (دنیا نیوز) موسم کا حال بتانے والوں نے سندھ اور بلوچستان میں آج سے اگلے تین روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ وارننگ میں اربن فلڈنگ اور زیریں سندھ کے نشیبی علاقے دوبارہ زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اندرون سندھ بالخصوص کراچی کے باسی دو روز قبل ہونے والے طوفانی بارشوں کے چھٹے سپیل سے نہیں سنبھل پائے تھے کہ موسم کا حال بتانے والوں نے آج سے پیر کے روز تک سندھ اور بلوچستان میں بارش کے ساتویں سپیل کا امکان ظاہر کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارش برسانے والا ہوا کا کم دباؤ آج سندھ میں داخل ہوگا جس کے بعد آج شام مشرقی سندھ میں گرج چمک کیساتھ بادل برسیں گے جبکہ شہر قائد میں کل سے گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق موسلا دھار بارش کے بعد کراچی، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور بدین میں مزید اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شام سے پیر کےروز تک کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیر آباد، دادو، تھر پارکر، میر پور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ اتوار اور پیر کو بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، ساہیوال، خضدار، آوران، ژوب، لورالائی اور سبی میں بھی بادل برسیں گے۔