لاہور میں موسلا دھار بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا

Published On 28 August,2020 09:04 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ڈیڑھ گھنٹے تک ہونے والی بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، انتظامیہ کے لیے پانی کا نکاس چیلنج بن گیا، اہم شاہراہیں ڈوب گئیں، نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

 شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، بارش کا سلسلہ صبح 5 بج کر 20 منٹ سے شروع ہوا جو 7بج کر 5 منٹ تک جاری رہا، سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 62 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

لکشمی چوک میں 61، جیل روڈ 53 اعشاریہ 6، گلبرگ 47، مغلپورہ 46، گلشن راوی 44، اپر مال 39 اور پانی والا تالاب میں 36 ملی میٹر بارش ہوئی، فرخ آباد میں 32، ایئر پورٹ 26، اقبال ٹاؤن 19، چوک ناخدا 15، جوہر ٹاؤن 7، نشتر ٹاؤن 6 اور سمن آباد میں 5 اعشاریہ 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب لاہور میں 62 ملی میٹر تک ہونے والی بارش نے واسا کے دعوؤں کا پول بھی کھول دیا۔ اہم سڑکیں اور نشیبی علاقے ڈوب گئے، بی بی پاک دامن کے علاقے کی گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، ایمپریس روڈ، حاجی کیمپ بوہڑ والا چوک اور ریلوے سٹیشن پر بھی بارش کے پانی نے ڈیرے ڈال لئے۔

جزوی طور پر تعمیر ہونے والی حاجی کیمپ ڈرین بھی بارشی پانی کا نکاس نہ کرسکی، ایمپریس روڈ پر واقع بس سٹینڈ بھی پانی میں ڈوب گیا۔ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے بارش کے دوران لکشمی چوک کا دورہ کیا اور نکاسی آب کا جائزہ لیا۔

 

Advertisement