اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیگی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ علاج کے بعد نواز شریف کی حالت جیسے ہی خطرے سے باہر ہوگی واپس آئیں گے، نواز شریف اور میرے اوپر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، اگر نواز شریف عدالتوں میں پیش ہو سکتا ہے تو کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر مریم نواز نے لیگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت نے اپنا جو نقصان 5 سال میں کرنا تھا وہ 2 سال میں ہی کر بیٹھی، ہم نواز شریف کی ہدایت پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا میرا نہیں خیال نواز شریف اے پی سی میں جانے سے منع کریں گے، ہم آل پارٹیز کانفرنس میں جائیں گے، مکافات عمل تو شروع ہونا ہی تھا، ہر چیزکا اپنا ایک وقت ہوتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف کا لندن میں علاج چل رہا ہے، میری نواز شریف سے ضد ہوگی کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا واپس نہ آئیں، نواز شریف وطن واپس آنے کے لیے بہت بے چین ہیں، ہمیں اپنے بارے میں نہیں بلکہ پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے، صبح سے بارش ہو رہی ہے، امید نہیں کر رہی تھی کہ اتنے لوگ ساتھ آئیں گے۔
لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا حکومت کی اصلیت آپ کے سامنے ہے، بیریئر لگا کر مریم نواز کو روکا گیا، کیوں ؟ ایم این ایز اور ایم پی ایز بارش میں کھڑے ہیں، آج عوام کو دبایا جا رہا ہے، آج عوام پر انصاف کے دروازے بند ہیں، پولیس کو کھڑا کر کے عوام کو روکا جا رہا ہے، حکومت ایک خاتون کو برداشت نہیں کرسکتی، عوام کو کیسے کریگی۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا دنیا میں کہیں عدالتوں کے دروازے بند نہیں کیے جاتے، موجودہ حکومت میں ہائیکورٹ کے دروازے بند کر دیئے گئے، وہ دن دور نہیں جب یہ بیریئر نہیں رہیں گے، ملک آج پولیس سٹیٹ بن چکا ہے، ایک خاتون پیشی پر آئی، بھاری فورسز یہاں تعینات ہیں۔