پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اور مربوط اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، ڈاکٹر فیصل سلطان

Published On 02 September,2020 08:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اور مربوط اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے زیر صدارت پولیو کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں کوآرڈینٹرقومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ڈاکٹر صفدر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پولیو مہم چارمہینے تعطل کا شکار رہی۔ جولائی اور اگست میں کامیاب پولیو مہمات چلائی گئیں۔ تمام مکتبہ فکر پولیو کے خاتمے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ستمبر میں قومی سطح پر پولیو مہم کی تیاری ہے۔ مہم میں چار کروڑ بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اور مربوط اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز قومی ہیروز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمے کے لئے حکمت عملی میں مزید بہتری لائیں گے۔ عالمی برادری کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔
 

Advertisement