ملتان میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف، محکمہ صحت نے کریش مہم کا آغاز کر دیا

Last Updated On 28 July,2020 09:01 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں پولیو وائرس کی موجودگی کے بعد محکمہ صحت نے ضلع بھر میں سترہ اگست سے شروع ہونیوالی پولیو مہم کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

ملتان کے علاقے علی ٹاؤن اور سورج میانی میں پولیو وائرس کی موجودگی بارے رپورٹ مسلسل مثبت آ رہی ہے جس کی وجہ سے وائرس کے پھیلنے کا خطرہ بڑھنے پر محکمہ صحت کے حکام نے کریش مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

تاہم انکاری والدین کے باعث محکمہ صحت کی ٹیموں کو مہم کی کامیابی کے حوالے سے تاحال مشکلات درپیش ہیں۔ اسی لیے ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ہدایات پر محکمہ صحت نے 17 اگست کو ضلع بھر میں چار روز کیلئے پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

محکمہ صحت نے اب تک تین انکاری والدین کیخلاف مقدمات بھی درج کرا دئیے ہیں جبکہ مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں سے وابستہ افراد کی بھی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

مہم کے دوران پولیو ٹیمیں 8 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گی جس کیلئے مختلف پوائٹس بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔

 

Advertisement