پنجاب ہر صورت پولیو سے پاک چاہیے، کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی: وزیراعلیٰ پنجاب

Last Updated On 20 July,2020 06:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جس ضلع میں پولیو کیس سامنے آیا، وہاں کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کے خلاف ایکشن ہوگا جبکہ ڈپٹی کمشنرسے بھی جواب طلبی ہوگی۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا جس میں انسداد پولیو کیلئے مربوط انداز میں موثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے پولیو ورکرز کو فیلڈ ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پنجاب پولیو سے پاک چاہیے۔ انسداد پولیو کی مہم میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پولیو کیس سامنے آنے پر ڈپٹی کمشنر سے بھی جواب طلب کیا جائے گا۔ اچھی کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔ فیلڈ میں جانے سے قبل پولیو ورکرز کی سکریننگ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران آئی جی پنجاب پولیس پولیو ورکرز کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں۔ پولیو ورکرز ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازمی کریں گے۔
 

Advertisement