صوبہ پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا 20 جولائی سے دوبارہ آغاز ہوگا

Last Updated On 17 July,2020 08:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ابتدائی طور پر پولیو ویکسیئن کی سرگرمیاں فیصل آباد کی 44 اور اٹک کی 14 یونین کونسلز میں کیس ریسپانس کے طور پر شروع کی جائیں گی۔

تفصیل کے مطابق انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کے زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں اربن علاقوں میں زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے۔ مہم کیساتھ ساتھ ای پی آئی کوریج بہتر بنانے کیلئے جامع پلان تیار کیا جائے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں انسداد پولیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ 100 فیصد کوریج یقینی بنائیں، ایک بھی کیس رپورٹ ہونے کا مطلب مکمل ناکامی ہے۔ انسداد پولیو سرگرمیوں کے حوالے سے کارکردگی کا ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ انسداد پولیو مہم فیصل آباد کی 44، اٹک کی 14 یونین کونسلز میں کیس ریسپانس کے طور پر شروع کی جائے گی۔ 58 یونین کونسلوں میں تین لاکھ 17 ہزار سات سو 83 بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ 17 اگست سے صوبے کے دیگر اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ صوبے میں رواں سال اب تک پولیو کے چار کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
 

Advertisement