لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ آفس میں انسداد پولیو مہم کے افتتاح کی خصوصی تقریب ہوئی جس میں بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ خصوصی مہم پانچ روز جاری رہے گی۔
انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر اور ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ نے بچوں کو قطرے پلا کر افتتاح کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی خصوصی مہم پانچ روز جاری رہے گی۔ صوبے بھر میں 5 سال سے کم عمر تقریباً 2 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ خصوصی مہم میں 90 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز اورسپروائزرز حصہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو خود فیلڈ میں نکل کر انسداد پولیو مہم کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو قطرے پلائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنائیں گے۔ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نونہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے جس میں جیت ہی واحد آپشن ہے۔ اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔
عثمان بزدار نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو انسداد پولیو کے لئے وضع کردہ پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لئے کاوشیں جہاد ہیں۔ پولیو ویکسین کی افادیت کے بارے میں عوام کو بالخصوص والدین کو آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔