کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ بہت بڑا چیلنج ہے، ہم سب کو مل کر انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ جام کمال خان نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پولیو کے کیسز میں اضافہ ہوا۔ ہماری کوشش ہے کہ اس وائرس کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
جام کمال خان نے کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں پولیو ویکسین کے حوالے سے غلط باتیں ڈالی گئیں تھیں لیکن اب عوام میں شعور آ گیا ہے۔ وہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے پولیو کے خاتمہ کے لئے بہت کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے بھی پولیو کے خاتمے کے لئے بھرپور مہم چلانے کی ہدایت ملی ہے۔ ہم سب کو مل کر انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا ہوگا۔