خاتون سے زیادتی کیس میں بڑی پیشرفت، ملزم شفقت نے اعتراف جرم کرلیا

Published On 14 September,2020 01:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے دیپالپور سے گرفتار ملزم شفقت نے دوران تفتیش خاتون سے زیادتی کا اعتراف کر لیا ہے۔

پنجاب پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم شفقت نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے ابتدائی بیان میں موٹروے پر خاتون کیساتھ زیادتی کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ وہ اور مرکزی ملزم عابد علی مل کر گیارہ وارداتیں کر چکے ہیں۔

ملزم شفقت نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ موٹروے پر واردات کے بعد ایک رات قلعہ ستار شاہ میں قیام کیا۔ اگلے روز میں دیپالپور اور عابد علی مانگا منڈی اپنے والد کے پاس چلا گیا۔ اس نے انکشاف کیا کہ میرا عابد علی سے آخری بار 3 روز قبل رابطہ ہوا تھا۔

خیال رہے کہ شفقت کو پنجاب پولیس نے گزشتہ روز دیپالپور سے گرفتار کیا تھا۔ اس ملزم کی نشاندہی ملزم وقار الحسن اور عباس نے کی تھی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم شفقت کا ڈی این اے میچ کر گیا ہے۔ اس کی حتمی رپورٹ جلد اعلیٰ حکام کو بھیجی جائے گی۔ مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں

گرفتار ملزم شفقت نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ عابد نے واردات کرنے کیلئے مجھے اور ایک تیسرے ملزم بالا مستری کو لاہور بلایا۔ تینوں واردات کرنے نکلے لیکن بالا مستری راستے سے واپس چلا گیا۔ میں نے اور عابد علی نے ڈکیتی اور خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔

شفقت نے بیان میں بتایا کہ میں نے ملزم عابد کیساتھ ایک ماہ قبل بھی شیخوپورہ میں خاتون سے زیادتی کی کوشش کی تھی لیکن پولیس کے پہنچنے پر زیادتی کیے بغیر فرار ہو گئے۔

 

‏وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیالکوٹ موٹروے کے دلخراش واقعہ میں خاتون سے زیادتی میں ملوث ملزم شفقت علی گرفتار ہو چکا ہے، جس کا ڈی این اے میچ اور اس نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‏ملزم عابد علی کی گرفتاری کے لیے بھی ہماری ساری ٹیم مسلسل کوشاں ہے، جس کی گرفتاری انشاء اللہ جلد متوقع ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ملزم وقارالحسن کے برادر نسبتی عباس نے بھی اپنے آپ کو قانون کے حوالے کر دیا تھا۔ ملزم عباس، وقار الحسن کے نام پر جاری ہونے والی سم استعمال کر رہا تھا۔ اس نے شیخوپورہ میں خود کو پولیس کے حوالے کیا۔

ازخود گرفتاری دینے والے ملزم وقار نے دوران تفتیش بتایا تھا کہ ملزم عابد کچھ عرصے سے شفقت نامی شخص کے ساتھ وارداتیں کرتا رہا ہے۔ شفقت بہاولنگر کا رہائشی اور عابد علی کا دوست ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم وقار الحسن ابتدائی تحقیقات میں واقعے میں ملوث نہیں پایا گیا، اس کا ڈی این اے بھی میچ نہیں ہوا، تاہم ملزم موقع پر موجود تھا یا نہیں؟ ابھی تصدیق ہونا باقی ہے۔