پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں بی آر ٹی بسیں تو چلنے لگیں لیکن بی آرٹی زو بائی سائیکل کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا، سائیکل کے لیے 32 سٹیشنز میں صرف چند ہی مکمل ہوسکے جبکہ کئی مقامات پر ٹریک کی تعمیر بھی سست روی کا شکار ہے۔
بی آر ٹی ریچ ون میں ٹریک کی کل لمبائی 7 ہزار میٹر ہے جس میں 500 میٹر کا کام باقی ہے، ریچ ٹو پر سائیکل ٹریک کی لمبائی 1950 میٹر ہے جس میں 1525 میٹر کا کام مکمل کیا گیا ہے، تاہم سائیکل ٹریک کی تعمیر مکمل ہونے میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
ریچ تھری ٹریک میں 13 ہزار سے زائد میٹر میں سے نصف پر کام مکمل کیا گیا ہے۔ بی آر ٹی کے ساتھ زو بائی سائیکل کا منصوبہ بھی شروع کیا جانا تھا جس کیلئے 360 سائیکلیں بھی چائنہ سے خریدی گئیں ہیں۔
معاون خصوصی کامران بنگش بھی زو بائی سائیکل کے معاملے سے لاعلم نکلے۔ انہوں نے کہا پہلے مرحلے میں سائیکلیں ٹریک پر چل رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سائیکل ٹریک کو جلد مکمل کیا جائے۔