کلاسز شروع کرنے کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی: شفقت محمود

Published On 18 September,2020 05:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے کلاسز شروع کرنے کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

سندھ حکومت کے تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ دوسرے مرحلے میں کلاسز 23 ستمبر سے ہی شروع ہوں گی، ۔22 ستمبر کو این سی او سی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ تعلیمی اداروں کے کلاسز شروع کرنے کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، اگر صورتحال یہی رہی تو تعلیمی ادارے شیڈول کے مطابق ہی کھلیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ میں 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں 21 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ مؤخر

صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں میں ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد نہیں ہوا مگر صورتحال قدرے بہتر تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 21 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت نہیں کھول رہے، صورتحال کا جائزہ لیں گے، 28 ستمبر کو مڈل کلاسز بلاسکتے ہیں، ابتر صورتحال پر مڈل کلاسز کی تاریخ بڑھاسکتے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا وفاقی وزیر تعلیم سے بات کروں گا، صورتحال خراب ہوتی نظر آتی ہے تو این سی او سی میٹنگ کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، ہمیں صورتحال کو دیکھتے ہوئے خود بھی فیصلہ کرنا چاہیے، جانتے ہیں بچوں کی تعلیم کا حرج ہو رہا ہے مگر بچوں کی صحت پر کوئی سجھوتہ نہیں، سکول کھولنے کے باوجود آن لائن کلاسز کا سلسلہ نہیں روکیں گے۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے انڈسٹریز کو آسان قرض دینے کا اعلان کیا ہے، سٹیٹ بینک سکولوں کو بھی بلاسود قرض فراہم کرے، سٹیٹ بینک اگر بلاسود قرض نہیں دے سکتا تو سود حکومت ادا کرے۔
 

Advertisement