اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سائنس وٹیکنالوجی ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کی ویکسین کے تجربات اس ہفتے سے پاکستان میں شروع کئے جائیں گے۔
سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی یہ ویکسین اچھی شہرت کی حامل ایک بین الاقوامی کمپنی نے تیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی میں قائم کیمیائی اور حیاتیاتی سائنس کے بین الاقوامی مرکز نے ویکسین کے طبی تجربات کرنے کی منظوری دی ہے۔
ڈاکٹر عطا الرحمن کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں طبی تجربات تقریباً تین ماہ میں مکمل ہوں گے اور اس کا دوسرا مرحلہ پہلے ہی چین میں مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ یسرا مرحلہ پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد شروع ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام تجربات کی کامیاب تکمیل کے بعد کورونا وائرس کی روک تھام کی ویکسین اگلے سال اپریل اور جون کے مہینوں کے دوران ملک میں دستیاب ہوگی۔