اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران حکومت نے آگاہ کیا کہ اسلام آباد کے ڈرگ کنٹرول سیکشن کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران 24 مختلف زائد المیعاد ادویات 5 اداروں سے ضبط کی گئی ہیں۔
کورونا کے بعد بیرون ملک سے واپس آنے والے 67024 پاکستانی مزدوروں نے خود کو آن لائن پورٹل پر رجسٹر کرایا، ان میں سے 41618 مزدوروں کو نوکری سے نکال دیا گیا جبکہ 25406 رخصت پر ہیں۔
گزشتہ دس سالوں میں موٹرویز بنتے رہے، موٹروے پولیس کی ریکروٹمنٹ نہیں ہوئی اس وقت بھی 1200 افراد بھرتی ہو چکے ہیں جبکہ مزید پانچ ہزار بھرتی ہونے ہیں۔
وزارت قومی ہیلتھ نے تحریری طور پر بتایا کہ اسلام آباد میں طبی سہولیات فراہم کرنے کے کل 1487 ادارے ہیں۔ 15 ستمبر تک کووڈ 19کے کل کیسز کی تعداد تین لاکھ دو ہزار 424 ہے جس میں سے 2 لاکھ 90 ہزار 261 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ساڑھے 13 کروڑ لوگوں کو کورونا کے باعث حکومت نے امداد دی، ایک کروڑ ساٹھ لاکھ خاندانوں نے احساس پروگرام سے استفادہ کیا۔
گزشتہ دو سالوں کے دوران وزارت خارجہ امور میں ڈیپوٹیشن پر 45 افسر اور اہلکار تعینات ہوئے۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز نے تحریری طور پر بتایا کہ کویت نے پاکستانی ورکرز پر پابندی لگانے کا اعلان نہیں کیا۔