اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اہم ہنگامی اجلاس آج ہوگا، شہباز شریف سمیت دیگر اہم رہنماؤں کی گرفتاری، اے پی سی فیصلوں اور قرارداد پر عمل درآمد کے پلان کو حتمی شکل دینے پر مشاورت کی جائے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اجلاس مسلم لیگ (ن) سیکریٹریٹ میں سہ پہر تین بجے ہوگا، اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے رہنما شریک ہوں گے۔ اجلاس قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کرے گا۔
اجلاس میں دیگر سیاسی قائدین کے خلاف حکومتی سیاسی انتقامی کارروائیوں پر بھی غور ہوگا، اے پی سی فیصلوں اور قرارداد پر عمل درآمد کے پلان کو حتمی شکل دینے پر مشاورت ہوگی، پی ڈی ایم، حکومتی سیاسی انتقامی کارروائیوں پر لائحہ عمل مرتب کریں گے۔
اجلاس گلگت بلتستان اور لوکل گورنمنٹ انتخابات میں دھاندلی روکنے کے لئے حکمت عملی پر غور کرے گا۔