اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے چیئرمین نیب کا تقرر کیا، اس پر بھی کیس بنا دیں، نیب کے ہوتے ملک نہیں چل سکتا، حکومت کے خلاف احتجاج حق ہے، توڑ پھوڑ نہیں کریں گے، آج ہر شخص حکمرانوں سے جان چھڑانا چاہتا ہے۔
لیگی رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 6 سال قبل ایم ڈی لگایا، اب کہتے ہیں غلط ہے، ٹرائل کے دوران شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، یہ سب سیاسی انتقام کا سلسلہ ہے، جس کا مقصد سیاستدانوں کو بےعزت کرنا ہے۔ انہوں نے نیب کارروائیوں کو سیاسی انجینئرنگ قرار دے دیا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا وزارت پیٹرولیم کی ہر پوسٹ خالی ہے، کسی بھی پٹرولیم کمپنی میں ایم ڈی نہیں بلکہ بورڈ کے لوگ بیٹھے ہیں۔
قبل ازیں سابق ایم ڈی منرل ڈیلپمنٹ کارپوریشن تعیناتی کے معاملے پر شاہد خاقان عباسی نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے، نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے بیان ریکارڈ کرنا شروع کیا تو شاہد خاقان عباسی نے سوال نامہ دینے کا اصرار کرتے ہوئے تحریری جواب دینے کا موقف اپنایا۔