اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر کر دئیے گئے ہیں۔ وہ بروز بدھ مورخہ 7 اکتوبر کو ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جگہ پاک بحریہ کی کمان سنبھالیں گے۔
تبدیلی کمانڈ کی سادہ مگر پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد کی جائیگی۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1983ء میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی۔ وہ کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے فارغ التحصیل ہیں۔
پاکستان کے نئے امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اعزازی شمشیر حاصل کرنے کیساتھ شاندار کیرئیر کے حامل ہیں اور کمانڈ اور سٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
بہترین پیشہ ورانہ خدمات کی بنا پر انہیں ستارہ امتیاز ملٹری، تمغہ امتیاز ملٹری اور تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کمانڈنگ آفیسر پی این ایس بی اے ڈی آر، کمانڈر 18 ویں ڈسٹرائر سکواڈرن، کمانڈنٹ پی این ایس بہادر اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور رہ چکے ہیں۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ڈائریکٹر نیول آپریشنز، چیف سیکریٹری برائے نیول سٹاف، ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جنس، نیول ہیڈ کوارٹرز، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلیواشن) اور چیف نیول اوورسیئر (چین) بھی رہے۔ ایڈمرل امجد خان نیازی کو فرانس کی حکومت نے فرانسیسی میڈل شیولیر (نائٹ) سے بھی نوازا۔