سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ کیس میں 5 مجرموں کی سزا پر عملدرآمد روک دیا

Published On 12 October,2020 12:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ کیس میں 5 مجرموں کی سزا پر عملدرآمد روک دیا۔ عدالت نے چار ماہ کے اندر تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے پانچ سزا یافتہ مجرمان کی اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ رحمان عرف بھولا، زبیر عرف چریا، علی محمد، ارشد محمود اور فضل احمد نے سزاؤں کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔

 مجرموں نے اپیل میں کہا کہ آگ لگی تو فیکٹری کے دروزے بند تھے، کوئی ہنگامی اخراج نہیں تھا، اصل ذمہ دار فیکٹری مالکان ہیں، انسداددہشت گردی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نےسزا پر عملدرآمد روک دیا جبکہ پولیس فائل سمیت عدالتی کارروائی اور دیگر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے 4 ماہ کے اندر ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے انسداد دہشتگری عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس کا 22 ستمبر کو فیصلہ سنایا تھا۔ فیصلے میں رحمان عرف بھولا اور زیبر عرف چریا کو 264 مرتبہ سزائے موت اور جرمانہ عائد کیا گیا تھا، دیگر ملزمان کو 264 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی تھی۔