حکومت مہنگائی سے نمٹنے کیلئے پرعزم، قیمتوں میں واضح کمی ہوگی: وفاقی وزرا

Published On 14 October,2020 07:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم ہر اجلاس میں آٹے اور چینی کی صورتحال معلوم کرتے ہیں۔ ملک میں پچاس لاکھ ٹن گندم موجود ہے، چند روز کے دوران ایک سے دو لاکھ ٹن چینی بھی پہنچ جائے گی۔ قیمتوں میں بھی واضح کمی ہوگی۔

اسلام آباد میں دیگر وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ناجائز منافع خوری نہیں کرنے دیں گے۔ پنجاب حکومت نے یومیہ دو ہزار ٹن اضافی گندم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں بہتری آئے گی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد قیمتوں میں کمی اور سپلائی میں اضافہ ہوگا۔ سندھ حکومت گندم ریلیزنہ کرنے کے لیے بضد تھی۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کا کام صیح معلومات دینا ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ مہنگائی نہیں تو حقائق کے برعکس ہوگا۔ اس کی وجوہات بھی سب جانتے ہیں۔ اپوزیشن نے این آر او کے دروازے بند ہونے سے اپنا رخ تبدیل کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ حکومت نے چینی کے مصنوعی بحران کو بڑے موثر انداز میں حل کیا۔ مناسب داموں پر ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی درآمد کر لی گئی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ درآمدی چینی کو کنٹرول ریٹ پر مارکیٹ میں بیچا جائے گا۔ پنجاب میں بروقت کرشنگ شروع نہ کرنے والی ملوں کو یومیہ 50 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ رواں سال 10 نومبر کو شوگر ملوں میں کرشنگ کا عمل شروع ہو جائے گا۔ کسانوں کے لیے گنے کی فی من قیمت 190 سے 200 روپے کر دی گئی ہے۔
 

Advertisement