سکردو: (دنیا نیوز) سکردو میں مسافر کوچ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
راولپنڈی سے سکردو جانے والی مسافر کوسٹر پر تونگوس کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑی تودہ گرا جس کے نتیجے میں کوسٹر مکمل طور پر تودے تلے دب گئی۔ پولیس کے مطابق گاڑی کے کچھ حصے اور بعض لاشیں دیکھی جاسکتی ہیں تاہم ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ریسکیو آپریشن کی تکمیل کے بعد بتائی جاسکتی ہے۔
ایف ڈبلیو او، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کا عملہ جائے حادثہ پر موجود ہے۔ ٹرانسپورٹ کمپنی کے مطابق گاڑی میں عملہ سمیت پندرہ افراد سوار تھے جن میں سے بعض مختلف مقامات پر اتر چکے ہیں ۔ ریسکیو زرائع کے مطابق ملبے سے کسی مسافر کے بھی زندہ نکالے جانے کا امکان نہیں۔