منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

Published On 20 October,2020 08:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی نیب کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے صدر مسلم لیگ ن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

 جج جواد الحسن نے قائد حزب اختلاف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب تفتیشی نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔ عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کو سوالنامہ دیا ہے جس کا ابھی جواب نہیں ملا، شہباز شریف سے تفتیش نا مکمل ہے لہذا جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

شہباز شریف نے خود دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب نے صرف 15 منٹ تفتیش کی، نیب والے غلط بیانی سے کام لیتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کے وکیل کے مطابق شہباز شریف کی ہدایت کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔

جوڈیشل ریمانڈ ہونے پر شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔ شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل کی بیر ک نمبر 2 میں عام قیدیوں کی طرح رکھا جائے گا۔ بیرک نمبر 2 کی صفائی کروا کر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں۔ یہاں 4 افراد کی ڈیوٹی بھی لگا دی گئی۔

واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی اسی بیرک میں رکھا گیا تھا۔

 

Advertisement