اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کرنے کی فوٹیج کرپشن پارٹنرز کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جعلی جمہوریت پسندوں کا جعلی بیانیہ اختتام کو پہنچا۔ ڈرامہ ختم شد، اب رسیدیں نکالیں۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اس وقت کے وزیراعظم نے استعفیٰ دیا تھا؟ لیگیوں کا چہرہ سامنے آ گیا جو اپنے مفاد کیلئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ بینظیر بھٹو کیخلاف بھی ان لوگوں نے مہم چلائی تھی۔
ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ فوٹیج میں واضح ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو پولیس نے گرفتار کیا، رینجرز نے نہیں اور کسی نے کوئی زبردستی نہیں کی۔ تاریخ گواہ ہے کہ یہ لوگ پولیس کو استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر جو ہوا سب نے دیکھا، وہاں نعرے لگ رہے تھے اور مریم صفدر مسکرا رہی تھیں۔ اپوزیشن کا مقصد اداروں پر حملہ کرنا ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں ان لوگوں نے خواتین اور بچوں پر فائرنگ کرائی۔