لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مکس اچار پارٹی تماشہ، آشہ اور بھاشا کے گرد گھوم رہی ہے، مکس اچار پارٹی صفدر اعوان کی بے توقیری پر چیخ رہی ہے، بیگم صفدر اعوان ملکہ ٹویٹر ہیں، صرف سوشل میڈیا کی لیڈر ہیں، یہ نیب کیسز سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا دعویٰ کرتا ہوں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر الگ الگ کمروں میں تھے، وزیراعلیٰ سندھ کہہ رہے ہیں آئی جی ہمارے کنٹرول میں نہیں، ان کی غلط فہمی ہے کہ شاید کوئی ڈیل ہو جائے۔ انہوں نے کہا نواز شریف بن بلائے مودی کی تقریب حلف برداری میں گئے، بھارتی سٹیبلشمنٹ نواز شریف کی شرکت کے حق میں نہیں تھی، نواز شریف نے مودی کی تقریب میں شرکت کے بعد حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی، نواز شریف نے سجن جندال سے ملاقات کو ترجیح دی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا پنجاب نے رواں سال 41 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی، سندھ حکومت نے رواں سال ساڑھے 11 لاکھ ٹن گندم خریدی، گندم پر سبسڈی دے رہے ہیں، مراد علی شاہ کئی سال سے سندھ اسمبلی کے ممبر چلے آ رہے ہیں، عثمان بزدار پہلی بار ایم پی اے اور وزیراعلیٰ بنے ہیں، سندھ میں فلار ملز کو ایک دانہ فراہم نہیں کیا گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا اٹھارویں ترمیم کی غزل سن سن کر کان پک گئے ہیں، جب پولیس نے ایکشن لیا تو یہ چیخنا شروع ہوگئے، اب پیپلزپارٹی ڈبل گیم کھیل رہی ہے، تمام ویڈیوز میں پولیس اہلکار کیپٹن (ر) صفدر کو لے جا رہے ہیں، یہ ہوسکتا ہے بیگم صفدر اعوان کے کمرے میں توڑ پھوڑ کی ویڈیو نہ بنائی ہو ؟ مذموم ایجنڈے کے تحت اداروں پر تنقید کی جا رہی ہے، فوج ہمیشہ منتخب حکومت کیساتھ ہوتی ہے۔