کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹر جنرل مشتاق مہر سمیت تمام افسران نے اپنی چھٹیاں دس روز کیلئے موخر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ وسیع تر قومی مفاد میں آئی جی سندھ نے اپنی اور دیگر افسران کی چھٹیاں 10 دن کیلئے موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چھٹیوں کا فیصلہ تحقیقات کے اختتام تک موخر کیا گیا ہے۔
کراچی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 18 اور 19 اکتوبرکی درمیانی رات ہونے والا واقعہ تکلیف دہ تھا جو سندھ پولیس کے تمام رینکس کے افسران کیلئے دلی صدمہ کا باعث بنا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں آئی جی سندھ اور ان کے بعد تمام رینکس کے افسران نے بھی چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کیا۔ رخصت پر جانے کا مقصد پولیس کی تضحیک کے خلاف احتجاج تھا۔ انفرادی طور پر کیا گیا فیصلہ صدمے کا ردعمل تھا۔
سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ محکمے کے ہر فرد نے بے عزتی کا احساس محسوس کیا۔ سندھ پولیس تکلیف کا احساس محسوس کرنے پر آرمی چیف کی شکر گزار ہے۔