کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کل کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ پولیس کی عزت نہیں رہے گی تو کیسے کام کرے گی؟ پولیس افسران چھٹی پر جا رہے ہیں، ان کی عزت کا سوال ہے۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر نعرے لگانے پر طوفان کھڑا کر دیا گیا۔ عمران خان بھی جب وہاں جاتے تھے تو ایسے ہی نعرے لگتے تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کل کا واقعہ ناقابل برداشت ہے جس میں بہت ساری ریڈ لائنز کراس کی گئیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بتایا جائے کہ رات کے دو بجے آئی جی سندھ مشتاق مہر کی رہائشگاہ کا گھیراؤ کرنے والے اور انھیں وہاں سے لے جانے والے دو افسران کون تھے؟ پولیس کی عزت نہیں رہے گی تو کیسے کام کرے گی؟