پشاور: (دنیا نیوز) پشاور دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں سیکورٹی اداروں سمیت دیگر اداروں کے سربراہ شریک ہوں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا تھا واقعہ کی خود نگرانی کر رہا ہوں، تمام سیکورٹی اداروں اور ہسپتال انتظامیہ سے رابطے میں ہوں۔
ادھر شوکت یوسفزئی نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دھماکا قابل مذمت اور بزدلانہ کارروائی ہے، بچوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، دہشتگرد ہمیشہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہیں، اے پی ایس کے بعد یہ دوسرا بڑا سانحہ ہے، عرصہ دراز سے پشاور میں امن قائم تھا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، سیکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کارروائی سے ثابت ہوتا ہے پاکستان کیخلاف بڑی سازش کی گئی، پہلے بھی دہشتگردی کی وجہ سے سرمایہ کاری متاثر ہوئی، اب پاکستان میں سرمایہ کارواپس آ رہے ہیں۔
معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا دھماکا امن کو ثبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے، دھماکے میں ہونے والے مالی و جانی نقصان افسوسناک ہے، زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہے۔