اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی ناظم الامور کو آج دفتر خارجہ طلب کرکے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور یوم سیاہ کے موقع پر پاکستان کی طرف سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارتی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے۔
اس موقع پر یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ بھارت گزشتہ سال 5 اگست سے کی جانے والی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیاں بند کرے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے فوجی محاصرے کو فوری ختم کرنے کیساتھ ساتھ مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے اپنے غیر قانونی اقدامات کو واپس لے۔
بھارت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ جعلی مقابلوں نام نہاد سرچ آپریشنوں میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کو بند کرے اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری نوجوانوں اور سیاسی قیادت کو رہا کرے۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں انسانی صورتحال کا درست جائزہ لینے کے لئے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں میڈیا انٹرنیٹ اور موبائل مواصلات پر فوری طور پر تمام پابندیوں کو ختم کرنے اور آزاد مبصرین انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کو بلا روک ٹوک مقبوضہ علاقے میں رسائی کی اجازت دینے کی ضرورت ہے۔