نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور جنگی جنون سے عالمی امن و سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہوا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جنرل اسمبلی کی عمومی بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اینٹی بیلسٹک میزائل نصب کرکے بحرہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کر دیا ہے اور وہ ہر قسم کے میزائلوں کی مار کرنے کی صلاحیت اور انہیں جدید بنانے کے حوالے سے مسلسل کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کےلئے امن اورتزویراتی استحکام کا خواہاں ہے اور برداشت ذمہ داری اور ہتھیاروں کی دوڑ سے بچتے ہوئے ان اصولوں پر تسلسل کے ساتھ کار بند ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ جموں وکشمیر کا بنیادی مسئلہ حل، میزائلوں اور ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کےلئے جوابی اقدامات پر رضامندی اور روایتی قوتوں کے درمیان توازن قائم کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا۔