لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت سیاسی لڑائی میں افواج پاکستان کو شامل نہ کرے، بیان کو قومی سلامتی کے اداروں سے جوڑنا دانشمندی نہیں، بات کو غلط رنگ دیا گیا، موقف پر قائم ہوں، بھارت کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی و لیگی رہنما ایاز صادق نے مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا معاشرے میں ہر طرح کی بات کرنے والے ہیں، سیاسی بات کو رنگ دینے کی کوشش کی گئی، ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں، میری بات سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، بھارت کو ہمیشہ کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارت ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کو غدارکہے، میرے بیان کو قومی سلامتی کے اداروں سےجوڑنا دانشمندی نہیں، بھارت کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، حکومت نے میرے بیان کو غلط رنگ دے کر پاکستان کی خدمت نہیں کی۔
فضل الرحمن نے کہا ہمیں احتیاط کا دامن ہمیشہ تھامے رکھنا چاہیئے، اختلاف رائے اصولوں پر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، ایاز صادق نے ذمہ دارانہ اور سنجیدہ بات کی، ہم حکومت کے جواز کو تسلیم نہیں کرتے، تنقید سے کوئی بالا تر نہیں، ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، ہم سب پاکستانی اور متحد ہیں۔
انہوں نے کہا پوری کابینہ احمقوں کا مربہ ہے، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں عوام کی بات کرتی ہیں، پی ڈی ایم کو توڑنے کی سازش کراچی میں ہوئی، ملک میں بحران پیدا کیے جا رہے ہیں، حکومت اپوزیشن کو اشتعال دلاتی ہے، ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے، ناجائز حکومت ہم پر مسلط نہ کی جائے، ملک معاشی لحاظ سے دیوالیہ ہوچکا، سیاست دان کا فرض ہوتا ہے عام آدمی کا ترجمان بنے، پی ڈی ایم شیڈول کے مطابق جلسے جاری رکھے گی۔