لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت جو معیار سیٹ کر رہی ہے اس کو بھی بھگتنا پڑے گا، اگلا سال الیکشن کا ہے، گلگت بلتستان الیکشن مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا جو لوگ ش، ن اور م لیگ کی باتیں کرتے تھے ان کو پیغام مل گیا، ہم اکٹھے ہیں، کم ظرف لوگ 30 سال سے ایسی باتیں کر رہے ہیں، یہ خاندان اکٹھا ہے اور اکٹھا رہے گا۔ انہوں نے وزیراعظم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو آپ منہ پر ہاتھ پھیر کر کہتے ہیں کہ چھوڑوں گا نہیں، آپ کہتے ہیں اب یہ ہوگا وہ ہوگا، یہ وہ انتقام ہے جو نظر آرہا ہے۔
اس سے قبل لیگی رہنما مریم نواز نے احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ سے ملاقات کی جس میں پی ڈی ایم جلسوں اور گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، ماتھوں سے پسینہ نکل رہا ہے، ظلم کا نظام جلد ختم ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں لانے کی مذمت کرتے ہیں، یہ ذاتیات پر مبنی احتساب کر رہے ہیں، ہم عمران نیازی کو گھر بھجوا کر ہی اپنا احتجاج بند کریں گے، اس نااہل حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا جیل میں حمزہ شہباز کے ساتھ رویہ نظر آتا ہے، وزیر اعظم منہ پر ہاتھ پھیر کر دھمکی دیتے ہیں، ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہے، سب کو نظر آ رہا ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ناحق بند کیا ہوا ہے، شہباز شریف کو جیل میں بند کر کے ملاقاتیں بند کر دیں، شہباز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دارعمران خان ہوں گے۔