راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایف ڈبلیو او کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایات دیں کہ قومی اہمیت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔
انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد کے منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے میگا پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے ادارہ کی استعداد کار بڑھانے کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایف ڈبلیو او ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اصغر نے ان کا استقبال کیا۔