وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ہفتے ایک روزہ دورہ افغانستان متوقع: ذرائع

Published On 13 November,2020 12:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ہفتے ایک روزہ دورہ افغانستان متوقع ہے، عمران خان دورہ افغانستان افغان صدر کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ افغانستان آئندہ ہفتے کے درمیان میں ہوگا، عمران خان دورہ افغانستان میں افغان امن عمل، دو طرفہ تعلقات پر بات کریں گے، وزیراعظم کا دورہ افغانستان انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہوگا۔

دوسری جانب پاک افغان تجارتی تعلقات کے حوالے سے مشیر تجارت کی سربراہی میں پاکستانی وفد کے دورہ افغانستان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ تین روزہ دورے میں پاک افغان ترجیحی تجارتی معاہدے پر مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ایف ٹی اے ہونے کے بعد پاک افغان آزاد تجارتی معاہدے پر بات ہوگی۔ افغانستان ایف ٹی اے کے لئے 30 مصنوعات کی فہرست فراہم کرچکا ہے۔ دورے میں پاکستان اپنی مصنوعات کی فہرست افغانستان کو فراہم کرے گا۔

ذرائع کے مطابق دورہ افغانستان کے دوران پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر بھی مذاکرات ہوںگے، دونوں ممالک کے درمیان پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا نیا معاہدہ کیا جائے گا، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا نیا معاہدہ دس سال کے لئے کیا جائے گا، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ آئندہ سال ختم ہو رہا ہے۔
 

Advertisement