بلوچستان میں شاپنگ مالز، مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کرنیکا فیصلہ

Published On 18 November,2020 02:54 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے کے تمام تفریحی مقامات 6 بجے جبکہ شاپنگ مالز، مارکیٹ، شادی ہال اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے کے بعد بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاون کے دوران دکانیں جلد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی دفاتر، ٹرانسپورٹ، شاپنگ مالز سمیت تمام مقامات پر ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ماسک استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی، تعلیمی اداروں کے بندش کا فیصلہ 23 نومبر کو ہونیوالے اجلاس میں کیا جائیگا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 37 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 230 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار 626، سندھ میں ایک لاکھ 57 ہزار 432، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 815، بلوچستان میں 16 ہزار 529، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 467، اسلام آباد میں 24 ہزار 871 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 640 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 50 لاکھ 18 ہزار 483 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 544 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 25 ہزار 788 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 551 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 37 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 230 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 509، سندھ میں 2 ہزار 760، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 318، اسلام آباد میں 263، بلوچستان میں 156، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 131 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement